وزیراعظم شہباز شریف آج سے 26 ستمبر تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دوران وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کی تقریبات اور خصوصی اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی کریں گے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی ، وزیرِاعظم کے دورہ میں ان کے ہمراہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، دیگر وزرا اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےخطاب کریں گے اور جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیرِاعظم شہباز شریف مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری پر ان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے پر زور دیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ’وزیرِاعظم مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں حقِ خودارادیت سے انکار اور طویل قبضے کی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائیں گے‘۔
وزیرِاعظم اپنے خطاب میں غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کریں گے اور فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن عالمی اقدام کا مطالبہ کریں گے۔
علاوہ ازیں وہ علاقائی سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی، دہشتگردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی جیسے عالمی امور پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان سیکیورٹی کونسل کے موجودہ رکن کی حیثیت سے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری، تنازعات کی روک تھام، امن کے فروغ اور عالمی خوشحالی کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرے گا‘۔