وزیراعظم شہباز شریف کل اسلامی ممالک کے سربراہان کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کل نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر قطر، سعودی عرب، انڈونیشیا، ترکی، مصر، متحدہ عرب امارات اور اردن کے سربراہان مملکت بھی شریک ہوں گے۔
یہ اعلان وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ قطر، سعودی عرب، انڈونیشیا، ترکی، پاکستان، مصر، متحدہ عرب امارات اور اردن کے رہنماؤں کے ساتھ ایک کثیر الجہتی ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف منگل کو جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یہ ملاقات کریں گے۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں، جو 22 سے 26 ستمبر تک نیویارک میں جاری ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ وزرا اور سینیئر حکام بھی شریک ہیں۔ رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے پاکستان، قطر، سعودی عرب، انڈونیشیا، ترکی، مصر، متحدہ عرب امارات اور اردن کے رہنماؤں کو مشترکہ اجلاس کے لیے مدعو کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ اس اجلاس میں رہنما علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف لندن سے نیویارک پہنچ چکے ہیں تاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کریں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی سلامتی کے ساتھ ساتھ اہم عالمی مسائل جیسے ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔