بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کے پائیدار فنانسنگ فریم ورک کو ’عمدہ‘ قرار دیا ہے۔
فچ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فریم ورک بین الاقوامی گرین اور سوشل فنانسنگ اصولوں سے مکمل ہم آہنگ ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فریم ورک گرین بانڈز اور سوشل بانڈز کے اجرا کے لیے استعمال ہوگا۔
گرین منصوبوں میں قابل تجدید توانائی، توانائی کی بچت اور صاف ٹرانسپورٹ شامل ہوں گے، جبکہ سوشل منصوبوں میں سستی رہائش اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی شامل کی گئی ہے۔ فچ کے مطابق اس فریم ورک کے تحت ماحولیاتی اور سماجی دونوں فوائد کو یقینی بنایا جائے گا۔
اعلامیے میں ماحولیاتی تبدیلی کو پاکستان کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انڈس بیسن کے تحفظ اور بحالی کے منصوبے متوقع ہیں۔ مزید کہا گیا کہ قابل تجدید توانائی اور صاف ٹرانسپورٹ کے منصوبے پاکستان کو این ڈی سی اہداف حاصل کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
فچ کے مطابق پاکستان نے 2030 تک 15 فیصد غیر مشروط کاربن اخراج میں کمی کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ اضافی 35 فیصد کمی بین الاقوامی مالی معاونت سے مشروط ہوگی۔