پی سی بی کا اہم پروگرام شروع، قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے ہے

پی سی بی کا اہم پروگرام شروع، قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ملک بھر میں اسکول سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جس کا مقصد نوجوان کرکٹرز کی تلاش اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت ہے۔

یہ افتتاحی تقریب منگل کے روز کریسنٹ ماڈل ہائی اسکول لاہور میں منعقد ہوئی، افتتاحی دن لاہور میں 31 اسکولوں کے درمیان 7 میچز کا آغاز ہوا، جن میں سب سے پہلا میچ کریسنٹ ماڈل ہائی اسکول اور کریسنٹ گرامر اسکول کے درمیان کھیلا گیا۔ دیگر اضلاع میں میچز کا آغاز جمعہ، 26 ستمبر سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:’اے سی سی‘ سربراہ محسن نقوی کا ٹی20 ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے روّیے پر شدید ردِعمل

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ اس پروگرام کا آغاز ان کے اپنے مادرِ علمی، کریسنٹ ماڈل اسکول سے کیا گیا۔ انہوں نے اسکول کے ساتھ اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا:

’پی سی بی کو خوشی ہے کہ ہم اسکولوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا عملی آغاز کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ہے کہ ہم نوجوانوں میں چھپا ہوا ٹیلنٹ دریافت کریں، جو مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کریں‘۔

اس موقع پر محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی اور دونوں اسکولوں کے کھلاڑیوں میں پی سی بی کے کِٹ بیگز بھی تقسیم کیے۔ چیئرمین نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں بھی کامیابی کے لیے حوصلہ دیا۔

یہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پورے ملک کے تمام صوبوں میں ایک ساتھ شروع کیا گیا ہے، جو دو اہم حصوں پر مشتمل ہے، ایک 40 اوورز کا ٹورنامنٹ اور ایک دو روزہ ویک اینڈ اسکول لیگ، ٹیموں کا انتخاب ایک مفصل جانچ اور ٹرائلز کے بعد کیا گیا ہے، جس کے بعد ہر اسکول میں ریجنل اور ضلعی کوچز کی مدد سے تربیتی کیمپ بھی لگائے گئے۔

پی سی بی کی جانب سے ٹورنامنٹ جیتنے والے اسکولز کو خصوصی انعامات دیے جائیں گے  اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو U15، U17 اور U19 ریجنل ٹیموں اور اکیڈمیز میں شامل کیا جائے گا، جس سے ان کے پروفیشنل کیریئر کی راہ ہموار ہو گی۔

تقریب میں پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن انور غنی، کریسنٹ اسکول کے ٹرسٹی میاں سلیم الطاف، پرنسپل ربیعہ نجم، صدر ایل سی سی اے خواجہ ندیم، سیکرٹری اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ’یہ پروگرام نہ صرف اسکول کے طلبا میں اسپورٹس کا بہترین ماحول پیدا کرے گا بلکہ انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ کرکٹ کیریئر بنانے کا سنہری موقع بھی فراہم کرے گا‘۔

پی سی بی کا یہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ایک منفرد اقدام ہے جو پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے اسکولوں کو براہِ راست شامل کر کے قومی کرکٹ کے مستقبل کو روشن بنانے کی کوشش ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *