سندھ حکومت نے رواں ہفتے خواتین کو پنک الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین اور طالبات کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز دینے جارہی ہے۔ اس اقدام سے وقت کی بچت، سفری اخراجات میں کمی اور خواتین کو محفوظ و باوقار سفر کی سہولت میسر ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ درخواست گزار خواتین اور طالبات کا ریکارڈ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذریعے مرتب کیا گیا ہے، اور شفاف طریقہ کار کے تحت میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر اسکوٹیز الاٹ کی جائیں گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے آسان اور شفاف نظام تیار کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہوں۔ انہوں نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔