راولا کوٹ سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال کے حوالے سے سامنے آنے والی سیٹلائٹ تصاویر میں احتجاجی مقامات پر محدود تعداد میں افراد کی موجودگی دیکھی گئی ہے۔
منظر عام پر آنے والی تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ راولاکوٹ عیدگاہ میں ہونے والا دھرنا ناکام رہا اور عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے انتشاری بیانیے کو مسترد کر دیا۔ احتجاج میں شریک افراد کی تعداد کم ہو کر چند سو رہ گئی، جبکہ شام ہوتے ہی عیدگاہ کا میدان خالی ہو گیا۔

سیٹلائٹ سے بنائی گئی تصاویر میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ راولا کوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے مرکزی مقام پر دن کے وقت بھی صرف چند سو افراد موجود تھے۔

اسی طرح راولا کوٹ نیو بس ٹرمینل کی تصویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہاں موجود افراد کی تعداد ایک سو سے بھی کم تھی، جبکہ مجاہد آباد میں تقریباً ساٹھ افراد موجود تھے۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شجاع آباد کے مقام پر بھی تقریباً بیس افراد کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج میں شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سے متعلق من گھڑت رپورٹ شائع کرنے پر وزارت اطلاعات نے بی بی سی اردو کے خلاف شکایت دائر کردی
ان تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے انتشاری بیانیے اور احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر، بالخصوص راولا کوٹ میں، روزمرہ کی سرگرمیاں معمول کی جانب بحال ہو چکی ہیں۔

