آزاد کشمیر سے متعلق من گھڑت رپورٹ شائع کرنے پر وزارت اطلاعات نے بی بی سی اردو کے خلاف شکایت دائر کردی

آزاد کشمیر سے متعلق من گھڑت رپورٹ شائع کرنے پر وزارت اطلاعات نے بی بی سی اردو کے خلاف شکایت دائر کردی

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے آزاد کشمیر سے متعلق حقائق کے منافی رپورٹ کی اشاعت پر بی بی سی اردو کے خلاف سخت احتجاج کیا اور باضابطہ شکایت بھی درج کروا دی ہے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق مذکورہ رپورٹ غیر مصدقہ اور غیر تصدیق شدہ الزامات پر مبنی تھی، جبکہ سرکاری حقائق اور متعلقہ حکام کے ریکارڈ پر موجود مؤقف کو نظر انداز کیا گیا۔

وزارت نے اپنے ردعمل میں کہا کہ صحافتی ذمہ داریوں کا تقاضا ہے کہ کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل اس کی مکمل تصدیق کی جائے، تاہم زیرِ بحث رپورٹ میں اس اصول کو ملحوظِ خاطر نہیں رکھا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس نوعیت کی رپورٹنگ سامنے آئی ہو، بلکہ غیر مصدقہ دعوؤں کی اشاعت ایک تشویشناک رجحان بنتی جا رہی ہے، جس کے تدارک کے لیے مؤثر اصلاحی اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو درست اور مستند معلومات کی فراہمی میڈیا اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں پیشہ ورانہ صحافتی معیار کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کے تما م انٹری پوائنٹس کھلے ہیں، شہری افوہوں پر کان نہ دھریں ، آئی جی آزاد کشمیر

وزارت نے امید ظاہر کی کہ معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل میں غیر مصدقہ معلومات کی اشاعت سے گریز کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

Related Articles