ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اور تاریخی معرکہ آج دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے جا رہا ہے، جس نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو پرجوش کر دیا ہے۔ یہ فائنل صرف ایک عام میچ نہیں بلکہ ایشیائی کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ ہے کیونکہ گزشتہ 41 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بھارت فائنل میں ایک دوسرے کے سامنے آ رہے ہیں۔ شائقین کرکٹ اس دن کا طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے اور اب یہ لمحہ آخرکار آ پہنچا ہے۔
میچ شام ساڑھے سات بجے مقامی وقت کے مطابق فلڈ لائٹس کی چمک میں شروع ہوگا اور توقع کی جا رہی ہے کہ اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوگا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی طرف سے شاندار مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔
پاکستان نے سپر فور مرحلے میں بنگلادیش کے خلاف اعصاب شکن مقابلے میں 11 رنز سے فتح حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی تھی، اس جیت نے قومی ٹیم کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں اور شائقین کو یقین ہے کہ ٹیم اس بار ٹرافی اپنے نام کرے گی۔
اس تاریخی مقابلے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بڑی اسکرینز لگائی جا رہی ہیں تاکہ لوگ اجتماعی طور پر میچ دیکھ سکیں اور اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔
پورٹ گراؤنڈ، آرٹس کونسل آف پاکستان اور سندھ حکومت کے اسپورٹس اینڈ یوتھ ڈیپارٹمنٹ کے تحت سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر میں براہِ راست میچ دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے، ان مقامات پر میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد پہنچنے کی توقع ہے جس سے ایک کرکٹ فیسٹیول کا سماں بن جائے گا۔
دبئی میں کھیلا جانے والا یہ فائنل ایشیا کپ کے شائقین کے لیے محض ایک کھیل نہیں بلکہ ایک جذباتی لمحہ ہے۔ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ دشمنی اور روایتی مقابلے ہمیشہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ آج کا دن دونوں ممالک کے شائقین کے لیے کسی تہوار سے کم نہیں ہوگا اور جیتنے والی ٹیم نہ صرف ٹرافی بلکہ لاکھوں دل بھی جیتے گی۔