محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کردیا ، گزشتہ روز شہر میں سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے اطراف ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، عمر کوٹ اور سانگھڑ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات سے ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بحیرہ عرب میں داخل ہو رہا ہے، گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ 33 ملی میٹر بارش ایئر پورٹ کےاطراف ریکارڈ کی گئی، بارش کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
تمام ادارے بارش کے دوران مکمل متحرک رہے، وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر اور فعال رکھا جائے، حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، نواب شاہ شہر اور گردونواح میں آندھی اور بارش ہوئی، گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پوسٹ مون سون سسٹم کے تحت کراچی میں آج اور کل ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا تھا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 4 اکتوبر سے ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ موسمیات لاہور عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ 4 اکتوبر کو بارش کا ایک سپیل ملک میں داخل ہوگا اور 4 سے 7 اکتوبر کے دوران ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ ان کے مطابق یہ بارش پری موسمِ سرما کی ہوگی۔