وفاقی حکومت نے جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورۂ پاکستان کو وی وی آئی پی سیکیورٹی اسٹیٹس دے دیا ہے تاکہ ٹیم کی حفاظت کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جا سکے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے اس فیصلے سے متعلق ایک اہم مراسلہ وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ، پنجاب ہوم ڈپارٹمنٹ، پنجاب رینجرز، اور لاہور و راولپنڈی پولیس کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر جنوبی افریقی ٹیم کے دورے کو وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
وزارتِ داخلہ نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس ہائی پروفائل سیریز کے دوران فول پروف سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، ہوٹل سے اسٹیڈیم تک سیکیورٹی پروٹوکول، اور ٹیمز کی نقل و حرکت کے دوران روٹ کلیئرنس جیسے تمام اقدامات کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی قومی کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان 7 اکتوبر سے 9 نومبر 2025 تک شیڈول ہے، جس کے دوران لاہور، راولپنڈی اور ممکنہ طور پر کراچی میں میچز کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی ادارے پہلے ہی جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ان کے تمام خدشات کو دور کیا جا سکے۔ جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے، جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اور قدم ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں سری لنکا، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسے ممالک کی میزبانی کی ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے سیکیورٹی اقدامات کو سراہا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا یہ دورہ نہ صرف کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم ہے بلکہ پاکستان کی عالمی امیج کے لیے بھی مثبت ثابت ہوگا۔