بھارتی میڈیا آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری احتجاج کو منفی رنگ دے کر اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں میں شدت لے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے پروپیگنڈا کر رہا ہے تاکہ کشمیری عوام کے حقیقی جذبات کو مسخ کیا جا سکے اور ان کے حق خود ارادیت کی آواز کو دبایا جا سکے۔
آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام مظاہروں کو بھارتی میڈیا نے مبالغہ آرائی اور ڈرامائی انداز میں پیش کر کے ایک جھوٹا بیانیہ ترتیب دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا پرانی فوٹیجز اور مصنوعی ویڈیوز کا سہارا لے کر احتجاج کی اصل نوعیت کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس پروپیگنڈا مہم کا مقصد کشمیریوں کے حریت پسند جذبات کو بدنام کرنا اور پاکستان سے ان کی محبت کو کمزور دکھانا ہے۔
سیاسی تجزیے کاروں کے مطابق، بھارتی میڈیا کی ساکھ اس جھوٹے بیانیے اور جعلی ویڈیوز کی وجہ سے پہلے ہی متاثر ہو چکی ہے، اور کشمیری عوام نے بارہا ان جھوٹے پروپیگنڈوں کو مسترد کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا مؤقف ہے کہ بھارتی میڈیا کی جھوٹی رپورٹس سے ان کے دل سے پاکستان کی محبت اور آزادی کی خواہش ختم نہیں ہو سکتی۔
سوشل میڈیا پر بھی کشمیری عوام نے بھارتی میڈیا کی جعلی رپورٹس اور ویڈیوز کے خلاف بھرپور ردعمل دیا ہے۔ کئی صارفین نے اس پروپیگنڈا مہم کی بھرپور مذمت کی اور اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ کشمیری عوام کسی بھی سازشی کوشش کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے اور اپنی آواز بلند کرنے کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی یہ مہم آزادی کے حق میں کشمیری عوام کی متحدہ آواز کو دبا نہیں سکتی، کیونکہ کشمیری عوام کی حب الوطنی اور حق خود ارادیت کی خواہش بے مثال اور غیر متزلزل ہیں۔ اس پروپیگنڈا مہم کے باوجود، کشمیری عوام کی یکجہتی اور پاکستان سے محبت کی مثالیں مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں۔
یہ صورتحال اس بات کا عکاس ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کی اصل نوعیت کو چھپانے اور کشمیریوں کی حمایت کو کمزور کرنے کے لیے بھارتی میڈیا کی جانب سے مسلسل جھوٹ اور غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، مگر کشمیری عوام اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر اپنی آواز پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔