انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس پر چالان کی رقم کو ایک لاکھ روپے تک لے جانے کا ارادہ تھا، تاہم سندھ حکومت نے اس قدر زیادہ چالان سے روک دیا۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ اب بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر 20 ہزار روپے، کار پر 30 ہزار روپے اور ہیوی وہیکل پر 50 ہزار روپے کا چالان کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو بہتر نہیں بنایا جاتا، ٹریفک کا نظام بھی درست نہیں ہوسکتا۔ آئی جی نے مزید بتایا کہ اب تک 3 لاکھ شہری آن لائن ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرچکے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں شہریوں کو آن لائن ایپ کے ذریعے ٹریفک چالان کی ادائیگی کے جعلی اور جھوٹے پیغامات موصول ہونے لگے ہیں۔ اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیغامات مکمل طور پر فراڈ اور گمراہ کن ہیں، ان کا ٹریفک پولیس یا کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔