وزیراعظم کی صمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملےکی مذمت، زیر حراست افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ

وزیراعظم کی صمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملےکی مذمت، زیر حراست افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اسرائیلی افواج کے صمود غزہ فلوٹیلا پر بزدلانہ حملے کی شدید مزمت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اسرائیلی افواج کے صمود غزہ فلوٹیلا پر بزدلانہ حملے کی شدید مزمت کی ہے  اورایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان 44 ممالک کے 450 سے زائد انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو لے جانے والے 40 بحری جہازوں کے سمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی افواج کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں اور ان تمام لوگوں کی حفاظت کے لیے دعا گو ہیں جنہیں اسرائیلی فورسز نے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان کا جرم مظلوم فلسطینی عوام کے لیے امداد پہنچانا تھا۔

یہ بربریت ختم ہونی چاہیے۔ امن کو ایک موقع دیا جانا چاہیے اور ضرورت مندوں تک انسانی امداد پہنچنی چاہیے۔قبل ازیں غزہ جانے والے انسانی ہمدردی کے سب سے بڑے سمندری مشن صمود فلوٹیلا کے امدادی جہازوں کو اسرائیلی فوج نے گھیرے میں لیا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق صمود فلوٹیلا کے 2 جہازوں پر حملے کی اطلاعات ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج نے فلوٹیلا کے ایک جہاز کے تمام ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔

فلوٹیلا انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کئی جہازوں کے انٹرنیٹ کو اسرائیلی بحری فوج نے بلاک کردیا ہے، اسرائیلی بحریہ کی جانب سے فلوٹیلا کی کشتیوں میں سوار لوگوں کو گرفتار کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ریڈکراس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شدت کے باعث ریڈ کراس نے غزہ سٹی میں آپریشن معطل کردیا، ریڈ کراس کے عملے کو غزہ کے جنوبی حصے میں منتقل کردیا گیا۔

غزہ سٹی میں موجود ہزاروں افراد سنگین حالات کا سامنا کر رہے ہیں، غزہ سٹی میں فلسطینی ریڈ کریسنٹ اور سول ڈیفنس مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

منتظمین نے بھی گلوبل صمود فلوٹیلا سے رابطہ منقطع ہونے کی تصدیق کردی، جبکہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل کچھ جہازوں سے لائیو نشریات بھی بند ہوچکی ہیں۔

غزہ کیلئے بحیرہ روم پہنچنے والے گلوبل صمود فلوٹیلامیں 45 کشتیاں شامل ہیں، قافلے میں 500 سے زیادہ افراد سوار ہیں جن میں سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق کھلے سمندر میں انسانی ہمدردی کیلئے موجود جہازوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *