پاکستان کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کا اعادہ

پاکستان کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کا اعادہ

پاکستان نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسرائیلی افواج کی جانب سے روکنے اور انسانی حقوق کے کارکنان کو حراست میں لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی انسانی قوانین، انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کے احترام پر زور دیا ہے اور فلسطینی عوام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ کے لیے امداد لے جانے والے ’صمود فوٹیلا ‘ پر اسرائیل کا ڈرون حملہ، کشتی میں آگ لگ گئی

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا میں 40 سے زیادہ کشتیوں پر سوار 500 سے زیادہ بین الاقوامی امدادی کارکنان محصور غزہ کے عوام کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان لے جا رہے تھے۔ ان کارکنان کو اسرائیلی افواج کی جانب سے حراست میں لینا بین الاقوامی انسانی قوانین، بالخصوص چوتھے جنیوا کنونشن، کی سنگین خلاف ورزی ہے اور نہتے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ غزہ پر اسرائیل کا غیرقانونی محاصرہ 2 ملین سے زیادہ فلسطینیوں کو مسلسل اذیت، قحط اور محرومی میں مبتلا کیے ہوئے ہے اور امدادی سامان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں پاکستان نے فوری اور مستقل جنگ بندی، غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ ترسیل پر زور دیا۔ دفتر خارجہ نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ فلوٹیلا میں سوار تمام کارکنان کو فی الفور اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔

مزید پڑھیں:اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے 2 ریاستی حل کی قرار داد منظور

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو اس کے بار بار کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔ پاکستان ایک مرتبہ پھر اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات کی حمایت کرتا ہے کہ فلسطین کی ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل ریاست قائم کی جائے، جو 1967 کی سرحدوں کے مطابق ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل کو جوابدہ بنائے اور فلسطینی عوام کی حمایت میں مؤثر اقدامات کرے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *