کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مختلف عہدوں پر بھرتیوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ بھرتیاں ایک جدید نرسری منصوبے کیلئے کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد ہنر مند اور محنتی افراد کو پیشہ ورانہ اور تخلیقی ماحول میں کام کا موقع فراہم کرنا ہے۔
سی ڈی اے کے سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھرتیاں عارضی بنیادوں پر ہوں گی جن کی ابتدائی مدت دو سال ہوگی۔ تاہم منصوبے کی ضروریات اور ملازمین کی کارکردگی کی بنیاد پر اس مدت میں توسیع بھی ممکن ہے۔
اعلان کے مطابق بھرتیوں میں انتظامی اور تکنیکی عملے دونوں کیلئے مواقع موجود ہیں۔ دستیاب اسامیوں میں سینئر منیجر، منیجر، اسسٹنٹ منیجر، آٹوکیڈ آپریٹرز، سپروائزرز، آپریٹرز اور ہیپلرز شامل ہیں۔
اس منصوبے میں کام کرنے والے افراد کو نہ صرف ذاتی بلکہ پیشہ ورانہ ترقی کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ سی ڈی اے کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے جمع کرائیں۔ مزید معلومات اور درخواست فارم بھی اسی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 9 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ تاہم جن امیدواروں نے پہلے 18 مئی 2025 کے اشتہار کے تحت درخواستیں دی تھیں، انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ بھرتیاں نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے کیریئر میں ترقی کی نئی راہیں بھی کھولیں گی، اسی لئے امیدواروں کو بروقت درخواست جمع کرانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔