صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، ایل این جی کنکشنز کے لیے ہیلپ لائن قائم

صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، ایل این جی کنکشنز کے لیے ہیلپ لائن قائم

عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان نے گھریلو لیکوئیفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کنکشنز کے لیے ایک ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا ہے، جس کا اعلان سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ منیجنگ ڈائریکٹرعامر طفیل نے بتایا کہ کمپنی نے ایک خصوصی ‘مانیٹرنگ یونٹ’ قائم کیا ہے تاکہ درخواستوں پر بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔ اس مقصد کے لیے ایک مخصوص ‘ہیلپ لائن نمبر 0800’ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے درخواست دہندگان اپنی درخواست کی پیش رفت، فیس جمع کرانے اور دیگر معلومات حاصل کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:گھریلو صارفین کے لئے ایل این جی کی بنیاد پر فلیٹ ریٹ مقرر

عامر طفیل کے مطابق اُن صارفین کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے پہلے ہی کنکشن کے لیے فیس جمع کرا رکھی تھی مگر کسی وجہ سے انہیں کنکشن فراہم نہیں کیا جا سکا۔ ‘ہم اُن کے طویل انتظار کا ازالہ کرنے کے لیے انہیں ترجیحی بنیادوں پر کنکشن فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جو نئے صارفین جلد کنکشن حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ ‘ارجنٹ فیس’ جمع کرا کے تیز رفتار پراسیسنگ کے ذریعے اپنا کنکشن حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ اقدام عوام کو گیس کی قلت کے باعث درپیش مشکلات سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوگا، خصوصاً سردیوں کے موسم میں جب گھریلو سطح پر گیس کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ ایل این جی کنکشنز کا مکمل عمل شفاف ہوگا اور کسی بھی قسم کی سفارش یا اقربا پروری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صارفین کو ‘آن لائن اپلائی’ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ پورا عمل جدید، منظم اور بدعنوانی سے پاک رکھا جا سکے۔

مزید پڑھیں:اوگرا نے ایل این جی کی قیمت میں کمی کردی، نوٹیفکیشن جاری

یہ اقدام ملک میں جاری گیس بحران کے خاتمے اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *