تحریکِ انتشار کو صرف اقتدار سے غرض، پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ

تحریکِ انتشار کو صرف اقتدار سے غرض، پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریکِ انتشار (پی ٹی آئی) کو ملک یا قوم کے مفادات سے کوئی غرض نہیں، ان کا واحد مقصد اپنی حکومت کی بحالی اور ذاتی مفاد ہے۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں نے ملک کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے جو بے مثال قربانیاں دی ہیں، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت پراکسیزمیں ملوث نہ ہو تو پاکستان دُنیا کی محفوظ ترین جگہ ہے، عطا اللہ تارڑ

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی واحد قوم ہے جس کے معصوم بچوں تک نے ملک کے لیے قربانیاں دیں، جن میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول کا المناک واقعہ ایک واضح مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خضدار بس حملے اور دیگر دہشتگرد کارروائیوں میں دشمن کے ایجنٹ، خاص طور پر ہندوستان کے حمایت یافتہ عناصر، پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں ملوث رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب پوری قوم نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کیا، تو اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ ان کے دورِ حکومت میں آپریشن ضربِ عضب اور ردالفساد جیسے بڑے فوجی آپریشنز کا آغاز ہوا جنہوں نے ملک میں دہشتگردوں کی کمر توڑ دی۔

انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کی صورتحال اس قدر خراب تھی کہ پاکستان میں کرکٹ جیسے بین الاقوامی کھیلوں کا انعقاد بھی ممکن نہیں تھا۔ “پریڈ لائن مسجد دھماکہ” جیسے دلخراش واقعات آج بھی قوم کے حافظے میں تازہ ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بعض سیاسی عناصر پر بھی کڑی تنقید کی، جنہوں نے ماضی میں دہشتگردوں کے بیانیے کی حمایت کی اور ہر فورم پر انہیں تحفظ دینے کی کوشش کی۔ ان کا اشارہ براہِ راست بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی جماعت کی طرف تھا، جن پر الزام ہے کہ وہ ریاست مخالف عناصر کے سہولت کار رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اوران کی جماعت ہرفورم پردہشتگردوں کے حامی رہے، پی ٹی آئی ہمیشہ سے دہشتگردوں کی حمایت یافتہ اور سہولت کار رہی ہے۔

مزید پڑھیں:معرکہ حق کی فتح اور آزادی کا جشن بھارت کیلئے واضح پیغام ہے، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کی کوششوں میں بعض مقامی اور سیاسی عناصر رکاوٹ ڈال رہے ہیں، جن کی وجہ سے عوام کی جان و مال خطرے میں ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے زور دیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

اختتام پر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشتگرد کسی مذہب، مسلک یا نسل کی نمائندگی نہیں کرتے، ان کا نہ کوئی دین ہے، نہ رنگ، نہ روپ، اور نہ ہی ان کا کوئی خدا یا نبی ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ دہشتگردی کے خلاف متحد رہے تاکہ ملک میں مستقل امن قائم کیا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *