علی امین خان گنڈا پور نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے سے باضابطہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے کی وجہ ’ پارٹی قیادت کے ساتھ گہری وابستگی اور وفاداری‘ کو قرار دیا ہے۔
گنڈا پور نے اپنے ہاتھ سے سبزسیاہی سے لکھے گئے استعفے میں، جو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے نام تحریر کیا گیا، میں لکھا ہے کہ ’میں، علی امین خان گنڈا پور، بطور وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں اور اس کی تصدیق اور توثیق کرتا ہوں۔ میں نے یہ فیصلہ پارٹی قیادت سے اپنی گہری وابستگی اور وفاداری کے تحت کیا ہے‘۔
یہ خط 11 اکتوبر 2025 کی تاریخ کے ساتھ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے سرکاری لیٹر ہیڈ پر تحریر کیا گیا ہے اور اس پرعلی امین گنڈا پور کے دستخط بھی موجود ہیں۔
علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ صوبے کی سیاست میں ایک اہم پیشرفت ہے، جہاں وہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں ایک نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
گورنر ہاؤس کی جانب سے استعفے کی منظوری اور نئے وزیرِاعلیٰ یا نگران سیٹ اَپ کے اعلان سے متعلق تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ادھر گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کے ترجمان کے مطابق ہفتہ کے روز دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا اپنے عہدے سے دست نویس استعفیٰ باقاعدہ طور پر گورنر ہاؤس کو موصول ہوا ہے اور اس کی وصولی کی تصدیق بھی کردی گئی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ آئینِ پاکستان اور متعلقہ قوانین کے مطابق استعفے کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد، وزیراعلیٰ کا استعفیٰ آئینی طریقہ کار کے تحت عمل میں لایا جائے گا۔
گورنر کے پی نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس تمام آئینی و قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کو شفاف اور منظم انداز میں آگے بڑھائے گا۔