ڈیجیٹل معیشت کا نفاذ: مصنوعی ذہانت ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی ، وزیراعظم

ڈیجیٹل معیشت کا نفاذ: مصنوعی ذہانت ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی ، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے  کہ ڈیجیٹل معیشت کے نفاذ سے مصنوعی ذہانت ملکی ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت مصنوعی ذہانت کے فروغ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو تیز کرنے اور ڈیجیٹل معیشت کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دے رہی ہے تاکہ ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو معیشت کی ترقی، صنعتی پیداوار میں اضافے، سرکاری نظام کی شفافیت اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، ڈیجیٹل معیشت کے نفاذ کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے تاکہ پاکستان خطے میں ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ایمازون کا پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ سروس شروع کرنیکا اعلان

وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت سے متعلق قومی پالیسی کے مؤثر نفاذ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا پروٹیکشن، پرائیویسی اور ڈیٹا سورینیٹی جیسے پہلوؤں کو خاص طور پر مدنظر رکھا جائے ، مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ اس ٹیکنالوجی کا فائدہ عوامی فلاح، تعلیم، صحت، زراعت، سکیورٹی اور دیگر اہم شعبوں میں بھرپور طور پر حاصل کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت کے فروغ اور نفاذ کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو پالیسیوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی،  وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اے آئی کے نفاذ کے حوالے سے ماہرین پر مشتمل ایک ایڈوائزری پینل بھی قائم کیا جا رہا ہے جو تکنیکی رہنمائی فراہم کرے گا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نوجوان آبادی اور ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کی بدولت مستقبل میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے اور حکومت اس سمت میں تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اعلیٰ سرکاری افسران اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین نے شرکت کی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *