وزیرِ اعظم شہباز شریف کی صدرِ مملکت آصف زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیرِاعظم نے صدرِ مملکت کو اپنے دورہ مصر اور ملائیشیا کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ، وفاقی وزرا احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، شیری رحمان و دیگر بھی شریک ہوئے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی استحکام اور ترقی کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر زور دیا۔
قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوان صدر میں ملاقات کی، ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، اندرونی اور بیرونی سلامتی کے اُمور پر تبادلہ خیال ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدرمملکت کو افغانستان کی سرحد پر جاری کارروائیوں سے آگاہ کیا، فیلڈ مارشل نے افغان جارحیت کے خلاف مسلح افواج کی کارروائیوں کے حوالے سے بھی بتایا۔