ہوٹل اور بار بی کیو مالکان کے لئے بڑی خبر

ہوٹل اور بار بی کیو مالکان  کے لئے بڑی خبر

پنجاب بھر میں ہوٹلوں اور باربی کیو مقامات کے خلاف بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ موسمِ سرما کی آمد اور دھند کے آغاز کے ساتھ ہی محکمہ ماحولیات نے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لیے سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

سڑکوں کے کنارے قائم اور رات گئے تک کھلے رہنے والے ہوٹل اور باربی کیو مقامات ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کر رہے ہیں، کیونکہ وہاں ایندھن کے طور پر کوئلہ، لکڑی اور چارکول کا استعمال کیا جاتا ہے، جس سے کاربن کے اخراج میں اضافہ ہوتا ہے۔

ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے صوبے بھر میں ایسے تمام ہوٹلوں اور باربی کیو اسٹیشنز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ کوئلہ، لکڑی یا چارکول استعمال کرنے والے ریسٹورینٹس کے خلاف ماحولیاتی قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی جی ماحولیات نے تمام ہوٹل اور باربی کیو مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر سکشن ہوڈز نصب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقررہ مدت میں سکشن سسٹم نہ لگانے والوں کے خلاف جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صنم جاوید کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا،آئی جی سے رپورٹ طلب

عمران حامد شیخ نے کہا کہ کھلی جگہوں پر دھواں، چکنائی اور بدبو پھیلانے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ماتحت عملے کو ہدایت دی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق، اس اقدام کا مقصد فضائی آلودگی اور اسموگ کو کم کرنا ہے تاکہ عوام کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Related Articles