پاکستان میں آئندہ جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا امکان ہے، جس کا انحصار عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت اور حکومت کی پٹرولیم قیمتوں سے متعلق پالیسی پر ہوگا۔
عالمی مارکیٹ پر گہری نظر
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے خاتمے کے اعلان کے بعد اگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے امکانات محدود ہو سکتے ہیں، جبکہ حکومت قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔
دوسری جانب اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں استحکام یا کمی کا رجحان برقرار رہا تو صارفین کو آئندہ قیمتوں کے تعین میں ریلیف ملنے کی امید کی جا سکتی ہے۔
درآمدی لاگت کتنی بنتی ہے؟
توانائی شعبے کے ماہرین کے مطابق پاکستان تک پہنچنے تک خام تیل کی قیمت میں ریفائننگ، بحری کرایہ، انشورنس اور دیگر اخراجات شامل ہونے کے بعد درآمدی لاگت تقریباً 72 سے 74 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ زرِ مبادلہ کی شرح کے حساب سے صرف درآمدی لاگت کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمت تقریباً 130 روپے فی لیٹر بنتی ہے، تاہم پاکستان میں صارفین کے لیے حتمی قیمت میں دیگر کئی عوامل بھی شامل ہوتے ہیں۔
پیٹرول مہنگا کیوں فروخت ہوتا ہے؟
ان عوامل میں پیٹرولیم لیوی، کسٹم ڈیوٹی، جنرل سیلز ٹیکس، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرول پمپس کے ڈیلرز کا منافع سمیت دیگر اخراجات شامل ہیں، جس کے باعث صارفین کو فی لیٹر قیمت زیادہ ادا کرنا پڑتی ہے۔
قیمتوں میں کمی کا امکان کس صورت میں ہے؟
توانائی ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی کم قیمتوں کا فائدہ مکمل طور پر صارفین تک منتقل کیا جائے اور حکومت موجودہ ٹیکسوں میں اضافہ نہ کرے تو آنے والے مہینوں میں پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان موجود ہے،تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ حکومت کی پٹرولیم قیمتوں سے متعلق پالیسی، عالمی مارکیٹ کے رجحانات، ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیوی کے فیصلوں پر منحصر ہوگا۔
وزیر پیٹرولیم کا مؤقف
آئندہ جمعہ کے لیے ابتدائی اندازوں کے مطابق پیٹرول کی قیمتیں برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اس حوالے سے گزشتہ روز وزیر پیٹرولیم نے بھی کہا تھا کہ اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آتی ہے تو اس کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
حتمی فیصلہ کب ہوگا؟
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا حتمی اعلان جمعہ کو متوقع ہے، توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پیٹرول کی قیمتیں برقرار رہنے کا امکان زیادہ ہے، تاہم حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کے سرکاری اعلان کے بعد ہی سامنے آئے گا۔