ایران پاکستان کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا ، ایرانی صدر

ایران پاکستان کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا ، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کی جانب سے ایران کے اعلیٰ رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کے تعزیتی اجتماع میں شرکت پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پاکستان کی اس حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

ایرانی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کو “عزیز بھائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعزیتی اجتماع میں پاکستانی وفد کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کی عکاس ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت پر بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران نے علی خامنہ ای کے جنازے میں پاکستان کی اعلیٰ سطح شرکت کو تاریخی قرا ر دیدیا ، اظہار تشکر

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں ساتھ دیا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے انتہائی مضبوط ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

ایرانی صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور عوامی روابط مزید فروغ پائیں گے اور باہمی تعاون نئی بلندیوں تک پہنچے گا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مرحوم آیت اللہ علی خامنہ ای ہمیشہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے نیک جذبات رکھتے تھے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ثقافتی و مذہبی اقدار کو قیمتی سرمایہ قرار دیتے تھے۔ ان کے مطابق یہی مشترکہ ورثہ ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایرانی صدر پاکستان کے کامیاب دورے کے بعد واپس روانہ ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے رخصت کیا

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدر کی دعوت پر پاکستانی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے، جہاں انہوں نے تعزیتی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے ایرانی قیادت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، علاقائی تعاون اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

editor

Related Articles