پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ، سابق وفاقی وزیر و سینیٹر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی بڑی واضح ہے کہ ہم کسی پر حملہ آور نہیں ہوں گے، اگر کوئی ہمارے اوپر حملہ کرے گا تو اس کا ادھار نہیں رکھیں گے۔
لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سیاست کو فروغ دینے والی جماعت ہے، مسلم لیگ ن کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی حامی نہیں رہی، پنجاب حکومت نے وفاق کو ایک مذہبی جماعت پر پابندی کی درخواست کردی ہے، وفاقی کابینہ پنجاب حکومت کی درخواست پر فیصلہ کرے گی۔
رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف وہ ہمارے لوگوں کو شہید کریں اور دوسری طرف مذاکرات کریں، ہمارا مطالبہ ہی یہی ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں بند کریں، دہشت گردی کی کارروائیاں پہلے بند کی جائیں پھر بات ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 40 سال سے دہشت گردوں سے مذاکرات ہی ہوتے آئے ہیں اور کیا نتیجہ نکلا ہے، دہشت گردی کسی طور پر قابلِ قبول نہیں، گڈ اور بیڈ طالبان کی تھیوری بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ ہم نے افغانستان کا ہمیشہ ساتھ دیا، انتہائی افسوس ہے کہ اس طرف سے ہمیشہ تکلیف ملتی رہی، ہم مزید اپنے پیاروں کے اور افسروں کے جنازے نہیں اٹھا سکتے۔