ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان کیخلاف محکمہ ایکسائز اینڈ ٹرانسپورٹ نے سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ اب بلیک لسٹ ہونے کیلئے چالانوں کی حد کم کر دی گئی ہے، جس کے بعد 25 یا اس سے زائد ای چالان والے گاڑی مالکان کو پکڑا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں 50 ای چالانز والے ڈیفالٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تھا، تاہم اب دوسرے مرحلے میں 25 ای چالانز رکھنے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی بلیک لسٹ کیا جا رہا ہے۔ تیسرے مرحلے میں 10 ای چالانز والے مالکان کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ بلیک لسٹ گاڑیاں نہ صرف ضبط کی جائیں گی بلکہ ان کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس اور ٹرانسفر پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔ حکام کے مطابق شہریوں کو متعدد بار تنبیہ کی گئی مگر بہت سے مالکان نے ای چالان جمع نہیں کرائے۔
لاہور سمیت بڑے شہروں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو جدید کیمروں کی مدد سے نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی کر رہی ہیں۔ ٹریفک پولیس نے ای چالان کی عدم ادائیگی پر ہزاروں گاڑی مالکان کو بڑی سزا دیتے ہوئے انکے لیے مشکل کھڑی کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریفک کا نظام مینوئل سے بتدریج ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے اور شفافیت کے لیے چالان بھی اب عام طریقے کے بجائے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب کے دل شہر لاہور میں ٹریفک پولیس نے ای چالان کی عدم ادائیگی پر 2546 گاڑیاں بلیک لسٹ کر دی ہیں اور ٹریفک وارڈنز کو نادہندہ گاڑیوں کو ضبط کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑیاں سے 50 سے زائد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کے باعث 50 سے زائد ای چالان درج ہیں۔ ان چالان کی عدم ادائیگی پر گاڑیوں کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ 2546 نادہندہ گاڑیوں کی تفصیلات کارروائی کے لیے ٹریفک وارڈنز کو بھیج دی گئی ہیں اور انہیں ان گاڑیوں کو ضبط کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔