محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ کچھ مقامات پر موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کا امکان ہے ، بالائی خیبر پختونخوا (چترال، دیر، کوہستان، اور بالائی سوات) میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں سردی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں دن کے وقت گرمی میں اضافہ جبکہ راتیں خنک رہیں گی، شہرمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے ، گرمی میں اضافہ بلوچستان کی جانب سے آںیوالی شمال مغربی ہواؤں کے باعث ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، البتہ رات کے وقت موسم نسبتاً خنک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم کی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بالائی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو سرد موسم اور ممکنہ بارش کے پیش نظر مناسب تیاری کے ساتھ روانہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔