ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی خواہشمند خواتین کے لئے خوشخبری

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی خواہشمند خواتین کے لئے خوشخبری

راولپنڈی میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کے آغاز کے بعد اب خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور دیگر ضروری خدمات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔

اس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح سی پی او سید خالد ہمدانی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سی ٹی او فرحان اسلم، ایس ٹی او منیر ہاشمی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبے بھر میں 33 موبائل یونٹس فراہم کیے گئے ہیں جو شہریوں، خصوصاً خواتین کے لیے مختلف اہم سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ان یونٹس کے ذریعے ایف آئی آر کا اندراج، لرنر لائسنس کا اجرا، موٹر سائیکل اور موٹر کار لائسنس کی فراہمی، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ڈوپلیکیٹ لائسنس اور بین الاقوامی لائسنس کا اجرا ممکن ہوگا۔

اس موقع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ موبائل لائسنسنگ یونٹس کا مقصد خواتین کو مزید بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ بغیر کسی دقت کے اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کے تحت خواتین کو ان کے گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں کے قریب ہی یہ سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے ان کے روزمرہ کے امور میں آسانی پیدا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: اب ڈرائیونگ لائسنس کا اندراج آپ کی دہلیز پر، تفصیلات سامنے آگئیں

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح خواتین کو سہولتیں فراہم کرنا اور انہیں سماجی و معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو کسی بھی سرکاری خدمت کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سی پی او نے کہا کہ یہ اقدام صوبے میں خواتین کی خود مختاری اور سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، جو وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن “خواتین بااختیار پنجاب” کی عملی شکل ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *