پاکستان سے انڈوں کی برآمدات میں حالیہ مہینوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ حال ہی میں امریکہ نے بھی پاکستان سے انڈوں کی درآمد شروع کی ہے۔
اینیمل کوارنٹائن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق امریکہ کو انڈوں کی برآمدات کی مالیت 23 لاکھ 70 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ رواں مالی سال میں پاکستان سے انڈوں کی برآمدات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان سے انڈوں کی برآمد متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، صومالیہ، افغانستان اور دیگر ممالک کو کی جا رہی ہے۔
مالی سال 2024-25 میں متحدہ عرب امارات کو 17 لاکھ 23 ہزار ڈالر، ہانگ کانگ کو 5 لاکھ 44 ہزار ڈالر، بحرین کو 3 لاکھ 29 ہزار 5 سو ڈالر، کویت کو 3 لاکھ 16 ہزار 5 سو 40 ڈالر، صومالیہ کو 2 لاکھ 41 ہزار ڈالر اور افغانستان کو 10 لاکھ 70 ہزار ڈالر مالیت کے انڈوں کی برآمدات کی گئیں۔
پاکستان سے انڈوں کو مائع شکل میں بھی برآمد کیا جا رہا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں 1,169 میٹرک ٹن مائع انڈوں کی برآمدات کی گئیں جن کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار ڈالر تھی۔ مائع انڈوں کی برآمدات بحرین، مصر، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو کی گئی ہیں۔
مالی سال 2024-25 میں انڈوں کی کل برآمدات 18 لاکھ 25 ہزار ڈالر رہی جو کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 میں 14 لاکھ ڈالر تھی۔