خوارزمی سائنس سوسائٹی اورپاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اشتراک سے دو روزہ لاہور سائنس میلہ 2025 کل سے کریسنٹ ماڈل ہائر سکول لاہور میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
میلے کے چھٹے ایڈیشن میں درجنوں سائنسی، تعلیمی اور تحقیقی ادارے شرکت کر رہے ہیں جن میں پی اے ای سی اس بار بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
پی اے ای سی کے ترجمان ڈاکٹر راشد محمود نے عوام، خصوصاً اہلِ لاہور سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ایل ایس ایم 2025 میں ضرور شریک ہوں، کیونکہ پی اے ای سی کے مختلف شعبہ جات کے علاوہ ملک کے دیگر معروف تحقیقی و ترقیاتی اداروں (R&D Organisations) کی ٹیمیں بھی اس میلے میں شرکت کے لیے لاہور آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سائنسی فروغ کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، اور پی اے ای سی اسی مقصد کے لیے اشتراک کر رہا ہے۔
ڈاکٹر راشد نے مزید کہا کہ لاہور سائنس میلہ صرف بچوں یا طلبہ کے لیے نہیں بلکہ ہر عمر کے لوگوں کے لیے فائدہ مند ہے ، پی اے ای سی کئی سالوں سے ایل ایس ایم میں حصہ لے رہا ہے تاکہ نوجوان ذہنوں میں سائنسی تحقیق کا جذبہ پیدا ہو، تجسس کا شوق پیدا کیا جائے اور علم کی پیاس کو بجھایا جائے کیونکہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی معدنی وسائل کی تلاش، توانائی کی پیداوار، زرعی اصلاحات اور صحت کے شعبوں میں خدمات کو ایک دلکش انداز میں پیش کیا جائے گا۔ پی اے ای سی کے اسٹال کی نمایاں خصوصیت یورپی تنظیم برائے جوہری تحقیق (CERN) اور پاکستان کے درمیان تعاون کی نمائش ہوگی۔



