تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا نوٹیفکیشن جاری

تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا نوٹیفکیشن جاری

وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی لگانے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ایل پی دہشت گردی میں ملوث پائی گئی ہے، جس کے باعث اسے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس ایسے ٹھوس شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے روابط دہشت گردی سے منسلک ہیں۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ٹی ایل پی کو اب باضابطہ طور پر کالعدم جماعت قرار دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دی تھی۔ یہ منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت جمعرات کی شام ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ ٹی ایل پی کی سرگرمیاں عوامی سلامتی اور ریاستی استحکام کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وہ دن دور نہیں جب ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروائیں گے اور پاکستان میں شامل ہونگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

اجلاس کو بتایا گیا کہ تحریک لبیک پاکستان 2016 میں قائم ہوئی اور اس نے ملک بھر میں مختلف مواقع پر شر انگیزی کو ہوا دی۔ ماضی میں ٹی ایل پی کے پُرتشدد احتجاجی جلسوں اور ریلیوں کے دوران سکیورٹی اہلکاروں سمیت بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔

کابینہ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ تنظیم کی سرگرمیوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں تشدد اور انتشار کے واقعات پیش آئے، جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی۔ حکومت نے قومی سلامتی کے مفاد میں اس تنظیم پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ملک میں امن، استحکام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *