محکمہ سکول ایجوکیشن نے پبلک سکولوں میں سالانہ امتحانات کے لیے نئی اور ترمیم شدہ ڈیٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔ نئی شیڈول کے مطابق زیادہ تر امتحانات عید سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سالانہ امتحانات کا آغاز 9 مارچ سے ہوگا اور پانچویں جماعت تک کے تمام امتحانات عید سے پہلے مکمل کیے جائیں گے۔ پانچویں جماعت کا آخری پرچہ 18 مارچ کو ہوگا، جس میں حساب اور ناظرہ قرآن شامل ہیں، جبکہ پہلی اور دوسری جماعت کا آخری پرچہ 17 مارچ کو اردو لیا جائے گا۔
مڈل جماعتوں یعنی چھٹی تا آٹھویں جماعت کے صرف آخری دو پرچے عید کے بعد لیے جائیں گے۔ ان پرچوں میں 24 اور 25 مارچ کو ترجمہ قرآن، اردو اور انگلش ریڈنگ شامل ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام سکولوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ نئی ڈیٹ شیٹ کے مطابق امتحانی شیڈول پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
امتحانات کی مارننگ شفٹ صبح 9 بجے سے 12 بجے تک، آفٹرنون شفٹ 1 بجے سے 4 بجے تک، جبکہ جمعہ کے روز آفٹرنون شفٹ 2 سے 5 بجے تک ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پہلی جماعت کا پہلا پرچہ انگلش 9 مارچ کو ہوگا، دوسری جماعت کا پہلا پرچہ جی کے، تیسری جماعت کا پہلا پرچہ اسلامیات اور اخلاقیات، چوتھی جماعت کا پہلا پرچہ ریاضی، پانچویں جماعت کا آغاز اسلامیات اور اخلاقیات سے، چھٹی جماعت کا پہلا پرچہ ریاضی، ساتویں جماعت کا پہلا پرچہ کمپیوٹر اور عربی، اور آٹھویں جماعت کا پہلا پرچہ ریاضی ہوگا۔