پنجاب میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار

پنجاب میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار

پنجاب میں فضائی آلودگی کا وبال بدستور برقرار ہے، جس کے باعث صوبے کے کئی شہروں میں فضا مضرِ صحت قرار دی گئی ہے۔ لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست آ گیا، جہاں فضائی معیار کا اشاریہ (ایئر کوالٹی انڈیکس) خطرناک حد 363 تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں:فضائی آلودگی پر قابو پانے کی نئی حکمتِ عملی،پنجاب میں اینٹی اسموگ گنز متعارف

بین الاقوامی فضائی معیار کی فہرست کے مطابق بھارتی دارالحکومت دہلی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 232 ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان میں فیصل آباد کی فضا سب سے زیادہ مضرِ صحت رہی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 539 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو انسانی صحت کے لیے نہایت خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

محکمۂ ماحولیات اور صحت کے ماہرین نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسموگ اور فضائی آلودگی کی موجودہ صورتحال انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ خاص طور پر بزرگ، بچے اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کو بیرونی سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہیے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے باقاعدہ استعمال، زیادہ پانی پینے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آلودہ فضا میں مسلسل رہنا سانس کی بیماریوں، آنکھوں میں جلن، کھانسی اور دمے کے مریضوں کے لیے مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے کئی اضلاع، بشمول لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں اسموگ کے اثرات برقرار رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:موسلادھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ ،محکمہ موسمیات کا ہائی الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردیوں کے دوران ہوا میں نمی کی کمی اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث آلودگی زمین کے قریب جمع ہو جاتی ہے، جس سے سانس لینا مزید دشوار ہو جاتا ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک جبکہ مری، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور ٹھنڈا رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *