محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کا امکان ہے۔
ملک کے میدانی علاقوں میں دن کے وقت موسم صاف اور خوشگوار رہے گا تاہم شام کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئے گی، مسلسل خشک موسم اور فضا میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے اضلاع، خصوصاً لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں اسموگ کے اثرات مزید گہرے ہونے کا امکان ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور گاڑیوں میں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے والے آلات کا استعمال یقینی بنائیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں آج موسم خشک رہے گا، دن کے وقت ہلکی دھوپ جبکہ رات کے اوقات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
مری، گلیات، نتھیاگلی اور آس پاس کے علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور نسبتاً سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوئٹہ، زیارت، قلات اور خضدار میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری کم ہونے کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں دن کے وقت ہلکی گرمی اور رات کے اوقات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا اور بعض مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان بھی موجود ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں، تاہم نومبر کے اختتام تک ملک کے شمالی علاقوں میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔ اس دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے، پانی کا مناسب استعمال کرنے اور آلودگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔