بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک اور سازش ناکام

بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک اور سازش ناکام

معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں دفاعی محاذ پر عبرتناک شکست کے بعد بھارت نے ایک اور مذموم سازش رچانے کی کوشش کی، جو ناکام ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے سابق سی آئی اے آفیسر کی ذاتی رائے کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کیا گیا۔

بھارتی اخبارات ‘اکنامک ٹائمز’، ‘ٹائمز آف انڈیا’ اور ‘لوکمت ٹائمز’ نے مبینہ طور پر سابق امریکی انٹیلی جنس افسر جان کیریاکو کے متنازع بیانات کو توڑ  موڑ کر پیش کیا اور انہیں پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں:مودی سرکار جعلی دعوؤں سے ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی چھپانے میں مصروف

ان جریدوں نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ ‘پاکستان روایتی جنگ میں بھارت کا مقابلہ نہیں کر سکے گا’ اور یہ بھی الزام لگایا کہ ‘پاکستان کے ایٹمی ہتھیار ماضی میں امریکی پینٹاگون کے کنٹرول میں تھے’۔ تاہم، پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات نے ان تمام جھوٹے دعوؤں کو سختی سے رد کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کا پول کھول دیا۔

وزارت اطلاعات کے مصدقہ ذرائع کے مطابق ‘سی آئی اے کے سابق افسر کے بیان کا کوئی ثبوت، سرکاری ریکارڈ یا معتبر حوالہ موجود نہیں’۔ ذرائع نے مزید واضح کیا کہ ‘ڈی کلاسیفائیڈ انٹیلی جنس’ کے نام پر پیش کی جانے والی یہ کہانیاں حقیقت میں ‘بالی وڈ کی جاسوسی اور ایکشن فلموں’ سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جان کیریاکو ریٹائرمنٹ کے بعد سے ہی مختلف مواقع پر غیر مصدقہ اور متنازع بیانات دیتے رہے ہیں، جنہیں بھارتی میڈیا نے جان بوجھ کر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

مزید پڑھیں:بھارتی سازشیں جاری، سیکیورٹی فورسز  نے ظفروال اور ڈیرہ غازی خان کو بڑی تباہی سے بچالیا

ترجمان وزارت اطلاعات نے کہا کہ ‘پاکستان کی نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہمیشہ سے ایٹمی اثاثوں پر مکمل کنٹرول رکھتی ہے’ اور ‘پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ، مستحکم اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے’۔

عالمی مبصرین کے مطابق ‘آپریشن سندور’ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی ناکامی نے نئی دہلی کو شدید دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے اور اسی خفت کو مٹانے کے لیے بھارتی ‘گودی میڈیا’ من گھڑت پروپیگنڈے کا سہارا لے رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت پاکستان اس جھوٹے بیانیے کے خلاف عالمی سطح پر بھی ردعمل دینے پر غور کر رہی ہے تاکہ بھارت کی سازشوں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *