پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: ڈرائیونگ لائسنس سہولیات گھر کی دہلیز پر

پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: ڈرائیونگ لائسنس سہولیات گھر کی دہلیز پر

حکومت پنجاب نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولیات گھر بیٹھے فراہم کرنے کے لیے ایک اہم ڈیجیٹل اقدام کرتے ہوئے “دستک” ایپلی کیشن کو ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ڈی ایل آئی ایم ایس) سے منسلک کر دیا ہے۔

ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور لائسنسنگ خدمات کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت شہری اب مختلف ڈرائیونگ لائسنس خدمات گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق “دستک” ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ لائسنس کی معیاد ختم ہونے پر اس کی تجدید کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

ایپ کے ذریعے گمشدہ یا خراب شدہ لائسنس کے بدلے ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کے لیے بھی آن لائن درخواست دی جا سکے گی جبکہ بیرونِ ملک سفر کے لیے بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس کا نظام پیپر لیس اور کیش لیس کردیاگیا

ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیس 500 روپے فی کیٹیگری مقرر کی گئی ہے، جبکہ تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کی فیس متعلقہ گاڑی یا موٹر سائیکل کی کیٹیگری کے مطابق سرکاری قواعد کے تحت وصول کی جائے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ شہری “دستک” ایپلی کیشن کو پلے اسٹور سے انسٹال کر کے موٹر سائیکل، کار، جیپ، ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی سمیت مختلف کیٹیگریز کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق معلومات اور خدمات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی رہنمائی یا مزید تفصیلات کے لیے وہ سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

یہ بھی پڑھیں: فضائی دنیا کا انوکھا اسکینڈل، بغیر لائسنس 900 پروازیں اڑانے والا پائلٹ گرفتار

Related Articles