کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کی غفلت کا حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں فلائٹ پی اے 206 میں مقررہ سیٹوں سے زیادہ مسافروں کو سوار کر لیا گیا۔ یہ پرواز کراچی سے اسلام آباد روانہ ہونی تھی، تاہم اضافی مسافروں کی موجودگی کا انکشاف ہونے پر طیارے کی روانگی روک دی گئی۔
ذرائع کے مطابق فلائٹ پی اے 206 کے کپتان کو ٹیکسی کے دوران طیارے میں دو اضافی یا اعزازی مسافروں کی موجودگی کا علم ہوا، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر طیارہ واپس پارکنگ ایریا میں بورڈنگ برج پر لے جانے کا فیصلہ کیا۔
کپتان نے دونوں اضافی مسافروں کو طیارے سے اتارنے کے بعد پرواز کی روانگی کا اعلان کیا۔ واقعے کے باعث شام 5 بجے روانہ ہونے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں 170 سے زائد مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں اضافی مسافر نجی ایئرلائن کے اپنے عملے سے تعلق رکھتے تھے، جو بطور اعزازی مسافر طیارے میں سوار ہوئے تھے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسی غفلت دوبارہ پیش نہ آئے۔