پاکستان میں ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے لیے سمری تیار کر لی ہے، جو 31 اکتوبر کو وزیرِ خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث نومبر کے ابتدائی پندرہ روز کے لیے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی حتمی منظوری کے بعد وزیرِ خزانہ یکم نومبر تا 15 نومبر کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔
فی الحال ملک میں پیٹرول کی قیمت 263.02 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 275.42 روپے فی لیٹر، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 159.76 روپے فی لیٹر اور مٹی کے تیل (کيروسین) کی قیمت 176.81 روپے فی لیٹر ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 2.35 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 265.37 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جس سے اس کی نئی قیمت 277.92 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔
عالمی منڈی کی صورتحال کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے دن کمی ریکارڈ کی گئی۔ برینٹ کروڈ آئل 7 سینٹ کمی کے بعد 64.33 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) بھی 7 سینٹ کمی کے ساتھ 60.08 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔