صوبہ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے درمیان رابطے کے طریقۂ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے قیدیوں کی اپنے پیاروں سے آن لائن ملاقات کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپلیکیشن متعارف کروا دی ہے جس کا مقصد ملاقاتوں کے نظام کو سہل، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
اس نئے نظام کے تحت اب قیدیوں کے اہلِ خانہ کو ملاقات کے لیے جیل کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ وہ گھر بیٹھے ایپ کے ذریعے ملاقات کا وقت مقرر کر سکیں گے اور آن لائن ویڈیو کال کے ذریعے اپنے عزیزوں سے بات کر سکیں گے۔
اس سہولت سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ جیلوں میں رش اور سیکورٹی کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے اس منصوبے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت صوبے کی تمام جیلوں میں خصوصی سہولت مراکز ائم کیے جائیں گے جہاں قیدیوں کو آن لائن ملاقات کے دوران تکنیکی معاونت فراہم کی جائیگی۔
ان مراکز میں جدید ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم، کمپیوٹرز اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہوگا تاکہ ملاقات کے عمل کو بلا رکاوٹ مکمل کیا جا سکےمحکمہ نے صوبے بھر کی جیلوں میں آگاہی بینرز لگانے کی ہدایت بھی دی ہے تاکہ قیدیوں کے اہلِ خانہ کو اس نئی سہولت سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔
یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد جیل اصلاحات کے عمل کو تیز اور قیدیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
اس نظام کے نفاذ کے بعد اہلِ خانہ نہ صرف ملاقات کا وقت ایپ کے ذریعے بک کر سکیں گے بلکہ انہیں ملاقات کے شیڈول، اجازت ناموں اور ضوابط سے متعلق اپ ڈیٹس بھی باقاعدگی سے ملیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سروس سے بزرگ، خواتین اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو خاص طور پر فائدہ پہنچے گا جو پہلے طویل سفر کے باعث ملاقات سے محروم رہ جاتے تھے۔