وزیراعظم شہباز شریف نے چترال میں دانش اسکول کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیلڈمارشل اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو چار دن کی جنگ میں عبرتناک شکست ہوئی، اور اس کامیابی میں افواجِ پاکستان کے ساتھ ساتھ فیلڈمارشل کا کردار کلیدی رہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ “میں فیلڈمارشل اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے وطنِ عزیز کے وقار کو بلند کیا۔ صدر ٹرمپ نے بھی جنگ رکوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔”
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سہیل آفریدی اس پیش کش کو قبول کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کرے گی تاکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میاں نواز شریف کو خیبرپختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی ہوتی تھی، اور وہ ہمیشہ اس خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں رہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے چترال میں ایک جدید ہسپتال بنانے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات میں بہتری ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ چترال کے عوام کو علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہ کرنا پڑے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔