اسلام آباد میں ہونے والی پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی افتتاحی تقریب میں اس وقت جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جب وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ بی بی درجان کو اپنی نشست پر بٹھا دیا۔
مذکورہ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں بلوچستان کے ضلع نوشکی سے تعلق رکھنے والی میڈیکل کی طالبہ بی بی درجان نے شرکت کی۔ وہ بولان میڈیکل یونیورسٹی میں فزیوتھراپی کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور انہوں نے اپنے صوبے کی بھرپور نمائندگی کی۔
بی بی درجان نے تقریب کے دوران بتایا کہ انہیں 2023 میں اُس وقت لیپ ٹاپ ملا جب انہوں نے بولان میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت حاصل کردہ لیپ ٹاپ نے اُنہیں تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر تعلیم کے ساتھ ضروری سہولیات اور سازوسامان فراہم کیا جائے تو بلوچستان کی بچیاں بھی ہر میدان میں اپنا نام روشن کر سکتی ہیں۔
بی بی درجان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج جب انہیں وزیراعظم کی نشست کے قریب جگہ ملی تو وہ خود حیران رہ گئیں کہ بلوچستان کی ایک بیٹی وزیراعظم کے قریب بیٹھی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت تقریب میں موجود تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر بی بی درجان کے لیے تالیاں بجائیں۔ جب وہ اسٹیج سے واپس آئیں تو وزیراعظم نے نہ صرف انہیں شاباش دی بلکہ محبت اور شفقت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی نشست پر بٹھا دیا۔
وزیراعظم کی جانب سے ملنے والی اس عزت اور حوصلہ افزائی پر بی بی درجان جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور فرطِ جذبات سے آبدیدہ ہو گئیں۔ تقریب میں اس منظر کو حاضرین نے بے حد سراہا اور اسے بلوچستان کی خواتین کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیغام قرار دیا۔