جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سابق ٹکٹ ہولڈرز کا کالعدم ٹی ایل پی سے علیحدگی کا اعلان

جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سابق ٹکٹ ہولڈرز کا کالعدم ٹی ایل پی سے علیحدگی کا اعلان

جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کالعدم جماعت سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا صرف اور صرف پاکستان کے ساتھ ہے۔

پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ ہم سب کالعدم ٹی ایل پی سے مکمل طور پر علیحدگی کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف اور آبا و اجداد نے پاکستان کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور اب ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک کی ترقی و استحکام کے لیے کام کریں۔

سابق رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے اور اس کی سلامتی و بقاء ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی ایسی سرگرمی یا تنظیم کا حصہ نہیں بننا چاہتے جو ریاست یا قومی اداروں کے خلاف ہو۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا کالعدم’ٹی ٹی پی‘ کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق افغانستان کو سخت پیغام دینے کا فیصلہ

انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے حالیہ جنگ میں بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے۔ فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک کا دفاع کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، جس سے پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا۔

یار رہے کہ 24 اکتوبر کو وفاقی وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی لگانے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایل پی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق ہ وفاقی حکومت کے پاس ایسی ٹھوس وجوہات موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ جماعت کے تانے بانے دہشت گردی سے جڑے ہوئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت ٹی ایل پی کو فرسٹ شیڈول میں شامل کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کی فہرست میں باقاعدہ شامل کر لیا گیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *