بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب، وزارتِ اطلاعات نے ’انڈیا ٹوڈے‘ کے گمراہ کن پروپیگنڈے کا پول کھول دیا

بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب، وزارتِ اطلاعات نے ’انڈیا ٹوڈے‘ کے گمراہ کن پروپیگنڈے کا پول کھول دیا

پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی میڈیا کے ایک اور جھوٹے پروپیگنڈے کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا رہا ہے۔

وزارتِ اطلاعات کے ترجمان کے مطابق بھارتی چینل ’انڈیا ٹوڈے‘ نے حال ہی میں ایک جعلی خبر نشر کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ’افغان طالبان نے ایک پاکستانی داعش جنگجو کی ویڈیو جاری کی ہے۔‘ اس ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک شخص نے یہ جھوٹا اعتراف کیا کہ اس نے بلوچستان میں ’لشکرِ طیبہ‘ سے منسلک کیمپوں میں تربیت حاصل کی اور بعد ازاں داعش خراسان کے ساتھ افغانستان میں کارروائیوں میں حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان سے متعلق بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب

وزارتِ اطلاعات نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو ’سراسر جھوٹ‘ اور ’پاکستان مخالف پروپیگنڈا‘ قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق، ’کسی بھی سرکاری یا مصدقہ طالبان چینل نے ایسی کوئی ویڈیو جاری نہیں کی‘۔ انڈیا ٹوڈے نے یہ خبر ایک غیر مصدقہ ’سورس‘ سے حاصل کی اور بغیر کسی تصدیق کے نشر کی، جسے بعد میں دیگر بھارتی میڈیا اداروں نے بھی اندھا دھند پھیلایا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ اور افغان طالبان کے ترجمان دونوں نے واضح طور پر اس خبر کی تردید کی ہے اور کسی پاکستانی داعش جنگجو کی گرفتاری یا ویڈیو کے اجرا کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت ایک منظم مہم کے تحت دہشت گردوں کے بیانیے کو فروغ دے رہا ہے تاکہ پاکستان میں بدامنی اور انتشار پیدا کیا جا سکے۔

’بھارتی گودی میڈیا جھوٹ، فریب اور پروپیگنڈا کے ہتھیار سے پاکستان کے خلاف نفرت انگیزی پھیلا رہا ہے۔ ریاستی سرپرستی میں چلنے والے یہ میڈیا ہاؤسز جھوٹی خبروں کو بطور ہتھیار استعمال کر کے خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔‘

مزید پڑھیں:بھارتی میڈیا کا خطے میں عدم استحکام پھیلانے کیلئے زہریلا پروپیگنڈا بے نقاب

ماہرین کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں جب بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف جھوٹے دعوے کیے ہوں۔ ماضی میں بھی کئی بار انڈیا ٹوڈے اور ریپبلک ٹی وی جیسے چینلز جھوٹے ثبوت اور فرضی بیانات کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔

وزارتِ اطلاعات نے عالمی برادری اور بین الاقوامی میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی میڈیا کے ایسے پروپیگنڈے کا نوٹس لیں، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *