محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقے خشک اور سرد موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک اور رات کے اوقات میں خنکی برقرار رہے گی، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی مقامات پر موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقے خصوصاً لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان اور بہاولپور میں اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق ہوا میں آلودگی کی شرح میں اضافے کے باعث شہریوں کو سانس اور آنکھوں کی تکالیف کا سامنا ہو سکتا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی خشک اور سرد موسم برقرار رہے گا۔ چترال، دیر، سوات، کوئٹہ، زیارت، قلات اور مستونگ میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔
جنوب مشرقی سندھ کے ساحلی اضلاع جیسے کراچی، ٹھٹھہ اور بدین میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم بارش کے کوئی امکانات ظاہر نہیں کیے گئے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے باعث بالائی علاقوں میں برف باری کے آثار فی الحال نہیں ہیں مگر سردی کی شدت بڑھنے لگی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق نومبر کے ابتدائی ایام میں مزید سرد ہوائیں شمالی علاقوں سے ملک کے دیگر حصوں کی جانب داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔