قومی کرکٹر عمر اکمل نے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقار یونس نے ان کا کرکٹ کیریئر جان بوجھ کر تباہ کیا۔ ان کے مطابق، وقار یونس کو یہ برداشت نہیں تھا کہ ’کل کا بچہ نئی گاڑی لے کر آ رہا ہے۔‘
عمر اکمل نے ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ ’اللہ نے مجھے دیا ہے تو میں اپنے اور اپنے گھر والوں کے شوق پورے کرتا ہوں، اس میں کوئی برائی نہیں۔ یہ صرف میری بات نہیں، میرے ساتھ جتنے کرکٹرز کھیلے، مثلاً رانا نوید الحسن، وہ بھی یہی کہیں گے کہ وقار یونس نے کئی کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی کی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں دنیا بھر کی ٹی20 لیگز سے متعدد آفرز ملیں لیکن انہوں نے پاکستان کرکٹ کو ترجیح دی۔ ’میں نے پاکستان کے لیے کئی مواقع چھوڑے ہیں، کیونکہ میری پہلی ترجیح ہمیشہ اپنے ملک کے لیے کھیلنا رہی ہے۔ آج بھی اگر موقع ملا تو قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے تیار ہوں۔‘
کرکٹ ماہرین کے مطابق عمر اکمل کے یہ بیانات ایک بار پھر پاکستان کرکٹ میں کھلاڑیوں اور کوچز کے درمیان تنازعات کو اجاگر کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ عمر اکمل گزشتہ کئی سالوں سے قومی ٹیم سے باہر ہیں، تاہم وہ ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں اپنی فارم بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔