ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں ای چالان سسٹم کے آغاز کے بعد سے ٹریفک اہلکار تبادلے کرانے لگ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی کراچی ٹریفک پولیس پیر محمد شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ ای ٹریفک چالان سسٹم کے بعد بیشتر ٹریفک اہلکارتبادلہ کرانا شروع ہو گئے ہیں۔
کراچی میں کیمروں کی تنصیب ہو یا چالان کا اختیار واپس لینا، بہ ہر حال محکمہ ٹریفک پولیس سے اہلکار تبادلے کرانے لگ گئے ہیں، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ کام نہ کرنے والے اہلکار ٹریفک پولیس سے ضلعی پولیس میں تبادلے کرا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں پیر محمد شاہ نے کہا ’’اپنا تبادہ کام نہ کرنے والے کرا رہے ہیں، اور ہمیں بھی انھیں روکنے میں کوئی دل چسپی نہیں ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ای چالان کا نفاذ: صرف 6 گھنٹے میں حیران کن اعدادوشمار سامنے آ گئے
ان کا کہنا تھا کہ چالان کرنے والے 800 افسران کو ریگولیشن کا حصہ بنا دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کے افسر چالان کے نام پہ اچانک حملہ کرتے تھے، انھیں یہ تعلیم نہیں تھی لوگ اس سے تنگ تھے، اب فورس میں وہی رہے گا جو ایمان داری اور حق حلال کے ساتھ کام کرے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا ’’ہم ایسا ادارہ بنانا چاہتے ہیں کہ لوگ ٹریفک پولیس کے محکمے سے محبت کریں، اہلکاروں کو پک اینڈ ڈراپ، کھانا اور شاباشی کی مد میں بھی کچھ دینے کا پروگرام بن رہا ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس فورس میں اب نوجوان لڑکوں کو سامنے لایا جا رہا ہے تاکہ فورس کو نیا خون مل سکے اور تبدیلی آئے۔ انھوں نے کہا کیمروں کی تنصیب سے ٹریفک اہلکاروں پر بھی نظر رکھی جائے گی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملہ آور شہری گرفتار، پولیس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، ویڈیو وائرل

