ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کےلئے اب ٹریفک پولیس کے دفتر جانے کی بھی ضرورت نہیں

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کےلئے اب ٹریفک پولیس کے دفتر جانے کی بھی ضرورت نہیں

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لرنر لائسنس کے اجرا کا نیا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے۔ اب شہریوں کو لرنر پرمٹ حاصل کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے کیونکہ ٹریفک پولیس نے شہر کے اہم ناکوں پر ہی یہ سہولت فراہم کر دی ہے۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق یہ اقدام ڈرائیونگ لائسنس مہم کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے۔ شہری اب زیرو پوائنٹ، فیض آباد، جی-14 اور دفترِ خارجہ کے ناکوں پر موجود خصوصی فیسلیٹیشن وینز سے موقع پر ہی لرنر پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ ان وینز میں تعینات عملہ تمام ضروری کارروائی مکمل کر کے شہریوں کو فوری طور پر لرنر لائسنس جاری کرے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر حمزہ ہمایوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، تاہم شہریوں کی آسانی کے لیے انہیں وہیں پر لائسنس حاصل کرنے کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے پاسپورٹ سے متعلق فراڈ، حکومت نے شہریوں کو خبردار کر دیا

پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام سے سروس مزید شفاف اور مؤثر بنے گی، اور شہریوں کو طویل انتظار یا دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس سے قبل ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر اور فیض آباد آفس میں 15 اضافی سروس ڈیسک قائم کیے گئے تھے جو شام 6 بجے کے بعد بھی فعال رہتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، ڈرائیونگ کے محفوظ کلچر کو فروغ دینا اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *