نانبائی ایسوسی ایشن کا غیر معینہ مدت کے لیے تندور بند کرنے کا اعلان

نانبائی ایسوسی ایشن کا غیر معینہ مدت کے لیے تندور بند کرنے کا اعلان

راولپنڈی میں نانبائی ایسوسی ایشن نے 5 نومبر سے شہر بھر میں تندور غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نانبائی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور متعدد تندور سیل کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث درجنوں نانبائیوں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔

ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتظامیہ انہیں معیاری آٹا فراہم کرے تو وہ روٹی کی قیمت میں اضافہ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نانبائیوں پر مصنوعی بحران پیدا کرنے کا الزام غلط ہے، دراصل آٹے کی قیمت میں تیزی سے اضافے نے کاروبار کو مشکل بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم نے پاکستان کی پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح کردیا

رہنماؤں کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران آٹے کی قیمت تقریباً دگنی ہو گئی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے نانبائیوں کو کسی قسم کی سبسڈی فراہم نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث نانبائی اب ایل پی جی گیس سلنڈرز استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر آٹے کی قیمتوں میں استحکام لائے اور نانبائیوں کے خلاف کارروائیاں بند کرے تاکہ عوام کو مناسب نرخوں پر روٹی کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، تندور بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *