لاہور میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے جماعت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے لاہور میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں سابق ٹکٹ ہولڈرز نے واضح طور پر کہا کہ وہ اب تحریک لبیک پاکستان سے وابستہ نہیں رہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر عثمان خضر مانگٹ نے کہا کہ ریاست پر حملہ کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر معمولی حالات میں ریلی نکالنا ایک انتہائی غلط اور غیر ذمہ دارانہ قدم تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر ریاست ہی خطرے میں پڑ جائے تو سیاست کرنے کا کوئی مقصد باقی نہیں رہتا، کیونکہ ریاست کے وجود کے بغیر سیاست ممکن نہیں۔
بیرسٹر عثمان خضر مانگٹ نے انکشاف کیا کہ حالیہ پرتشدد واقعات میں بعض مسلح گروہوں نے اسکول کے بچوں کی وین چھین لی اور نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، جو کسی بھی لحاظ سے درست عمل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے اقدامات کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور کسی بھی صورت ریاست دشمن سرگرمیوں کی حمایت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا موقف ریاستِ پاکستان کے ساتھ ہے اور وہ ہمیشہ قانون و آئین کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں۔ بیرسٹر عثمان خضر مانگٹ نے کہا کہ کوئی بھی جماعت اگر ریاست پر حملہ کرتی ہے تو وہ سیاست کے دائرے سے باہر ہو جاتی ہے، کیونکہ سیاست کا مقصد ریاست کو مضبوط کرنا ہوتا ہے، کمزور کرنا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی مستقبل میں کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں ہوں گے جو ریاستی اداروں یا عوامی مفاد کے خلاف ہو۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر سابق ٹکٹ ہولڈرز نے پرامن سیاسی جدوجہد اور ملکی استحکام کے عزم کا اظہار کیا۔