امریکی ریاست کینٹکی میں کارگو طیارہ گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک، 11 زخمی

امریکی ریاست کینٹکی میں کارگو طیارہ گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک، 11 زخمی

امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ول میں ایک خوفناک فضائی حادثہ پیش آیا ہے جہاں لوئی ول ایئرپورٹ کے قریب کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کارگو طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد فنی خرابی کے باعث گر گیا۔ طیارہ امریکی ریاست ہوائی کے شہر ‘ہونولولو’ میں واقع ڈینیئل کےانوئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب جا رہا تھا۔ طیارہ گرنے کے بعد ایک زوردار دھماکہ ہوا اور قریبی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ کئی رہائشی اور تجارتی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں:کینیا میں طیارہ گر کر تباہ، غیر ملکی سیاحوں سمیت متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ

لوئی ول کے میئر نے بتایا کہ حادثے کے وقت طیارے میں تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار گیلن ایندھن موجود تھا جس کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی۔ فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ تاہم، تاحال کولنگ کا عمل جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ گرنے کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور آسمان میں دھوئیں کے بڑے بادل بلند ہو رہے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے لگے۔

حادثے کے بعد لوئی ول ایئرپورٹ انتظامیہ نے تمام آنے اور جانے والی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ امریکی حکام نے ایئرپورٹ سے 5 میل کے دائرے میں عارضی پناہ گاہیں قائم کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

مزید پڑھیں:بھارتی طیاروں کی تباہی کا سلسلہ نہ رُک سکا، راجستھان میں ایک اور جگوار لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، تین ماہ میں دوسرا حادثہ

امریکی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ فنی خرابی یا موسمی حالات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ماہرین نے طیارے کے بلیک باکس کی تلاش شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

وفاقی ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن  نے کہا ہے کہ حادثے کی مکمل رپورٹ آنے میں چند دن لگ سکتے ہیں۔ حکام نے لوئی ول کے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *