فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن ریٹرن فائلنگ کے فروغ اور ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے سلسلے میں مینول انکم ٹیکس فائلرز کے لیے خصوصی سہولیات کا اعلان کردیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان بھر میں ٹیکس سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے تحت مینول انکم ٹیکس فائلرز کو خصوصی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ آسانی سے آن لائن سسٹم میں منتقل ہو سکیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹیکس دفاتر میں خصوصی سیل قائم کیے جائیں گے جو مینول ریٹرن فائل کرنے والے ٹیکس دہندگان کو تمام ضروری معاونت فراہم کریں گے۔ ایف بی آر نے واضح کیا کہ مینول ٹیکس دہندگان رجسٹریشن اور آن لائن ریٹرن فائلنگ میں مکمل معاونت مفت حاصل کرنے کے لیے اپنے متعلقہ ٹیکس دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایسے ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز کے لیے کاروبار کو ایف بی آر کے نظام سے منسلک کرنا لازمی قرار دے دیا ہے جن پر ماہانہ قابل کٹوتی ودہولڈنگ ٹیکس کی رقم بالترتیب ایک لاکھ روپے (ڈسٹری بیوٹرز کے لیے) اور پانچ لاکھ روپے (ریٹیلرز کے لیے) سے تجاوز کر جاتی ہے۔
اس سلسلے میں ایف بی آر نے منگل کے روز ایس آر او 2071(I)/2025 جاری کیا۔
انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 236-G ڈسٹری بیوٹرز، ڈیلرز اور ہول سیلرز کو کی جانے والی فروخت پر ایڈوانس ٹیکس سے متعلق ہے، جبکہ شق 236-H ریٹیلرز کو فروخت پر ایڈوانس ٹیکس کے نفاذ سے متعلق ہے۔